اگرتلا ،03؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تریپورہ کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) شری رام ترنی کانت نے بدھ کو کہا کہ ہندوستانی الیکشن کمیشن اس بات کی پہل کر رہا ہے کہ ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر 100 فیصد ویب کاسٹنگ ہو۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ویڈیو دیکھنے اور نگرانی کرنے والی ٹیم کو ریاست میں تعینات کیا جائے گا جو ووٹ کے دن پولنگ مراکز پر تمام انتخابی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔مکمل تحفظ کو برقرار رکھنے کے لئے کافی تعداد میں سی سی ٹی وی کیمرے اور موبائل ٹیموں کو لگایا جائے گا۔ہمارا مقصد پولنگ والے دن 100 فیصد ویب کاسٹنگ کا ہے۔سی ای او نے کہا کہ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ اپنے دفاتر سے نگرانی کریں گے اور پریزائڈنگ افسر اس میں تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جہاں انٹرنیٹ کوریج موجودنہیں ہے، وہاں ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی اور ریکارڈ شدہ کلپ کو ضلع الیکشن افسر کوپیش کیا جائے گا۔ تریپورہ ملک کی واحد ایسی ریاست ہوگی جہاں اس سال لوک سبھا انتخابات کے لئے سو فیصد ویب کاسٹنگ نافذ ہوگی۔ یہاں کی دو لوک سبھا سیٹوں، مغربی تریپورہ اور مشرقی تریپورہ میں بالترتیب 11 اور 18 اپریل کو پولنگ ہوگی۔